سخن پژوہشگاہ تخصصی شہید صدر
اسلام میں جہاں تاریخ ساز مردوں کی بے شمار مثالیں ملتی ہیں جنہوں نے مختلف میدانوں میں اپنے کردار کے ذریعے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں وہاں ایسی خواتین کی بھی کمی نہیں جنہوں نے ماں ،بیٹی،بہن،بیوی اور سب سے بڑھ کر ایک طاقت ور انسان کے روپ میں جب ہر طرف ظلم،جبر کی تاریکی تھی و ہاں اپنا ایساکردار ادا کیا جو مرد وزن سب کے لیے نمونہ عمل بنے۔
شہیدہ بنت الہدیٰ بھی انہی قرآن واسلامی خواتین کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے جواہل بیت کی پاکیزہ نسل کے ایک باعظمت گھرانے میں پیداہوئی،عالمہ وفاضلہ ماں،فقیہ ومجاہد بھائی کے زیرسایہ تعلیم وتربیت کے مراحل طے کیا،آپ نے تاریخ میں خواتین کے کردار کابغورمطالعہ کیا،اسلام کو ایک جامع وکامل ضابطہ حیات کے طور پر اپنے وجود کاحصہ بنا لیا زمانے کے تقاضوں اور حالات کے پیش نظر فاطمی اسوہ اور زینب زمان بن کر تبلیغی،اصلاحی،انقلابی اور جہادی کردار کو زبان،قلم اور عمل کے ذریعے انجام دیا۔
شہیدہ بنت الہدیٰ کی شخصیت،افکار اور خدمات پر عربی،فارسی اور انگریزی میں بہت زیادہ کام ہوا ہے، ان کی کتب کاترجمہ،شخصیت پر کتب اور مقالات وافر تعداد میں موجود ہیں،لیکن متاسفانہ شہیدصدر جیسے نابغہ روزگار شخصیت کے افکار کی مانند اردو زبان میں شہیدہ بنت الہدیٰ کی شخصیت بھی مجہول ہے۔ اور اردو معاشرہ اس عظیم الشان خانون کی شخصیت اور افکار وآثار سے ابھی تک آگاہ نہیں۔
یہ مجلہ اس سلسلے کی پہلی کاوش ہے جس میں شہیدہ بنت الہدی کی شخصیت کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف اہل قلم اور فکری وعلمی شخصیات خواہران کو دعوت دی گئی۔ جس کا وسیع سطح پر اہل فکر وقلم کی جانب سے استقبال ہوا اور مضامین ،کالمز،انٹرویوز اور تاثرات ادارہ کے لئے ارسال کیا۔ جو کہ اصلاح وتہذیب کے بعد حاضر خدمت ہے۔
اس مجلے کے موضوعات کے انتخاب سے لے کر اشاعت کے مرحلے تک مختلف اہل علم وفکر کے مفید مشورے اور تجاویز حاصل رہے۔ موضوعات کے انتخاب کے سلسلے میں معروف شاعرہ محترمہ معصومہ شیرازی نے رہنمائی کی،محترمہ معصومہ جعفری اور ڈاکٹر عنبر فاطمہ عابدی نے مجلہ کے حوالے سے بہترین آرا وتجاویز دئیے۔مجلہ کے چیف ایڈیٹر اور اور ٹیم نے انتہائی جانفشانی کے ساتھ مختصر وقت میں تحریروں کا متنوع اور منفرد مجموعہ جمع کیا ۔ اور اہل قلم وفکر نیے اپنی تحریروں کے ذریعے مجلہ کو رونق بخشی۔
ہم ان تمام کے مشکور وممنون ہیں اللہ تعالی ان سب کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے۔امید ہے شہیدہ بنت الہدیٰ کی شخصیت کے آئینے میں اسلامی عورت کے مقام وکردار اور ذمہ داریوں کو سمجھنے کے سلسلے میں یہ مجلہ پہلا قدم ثابت ہو۔
اللہ تعالیٰ تمام مسلمان خواتین کو قرآن واسلامی آئیڈیلز اور نمونوں کو معاشرے میں اجاگر کرکے ان کی سیرت وکردار پر چلنے کی توفیق عطا کرئے۔
پژوہشگا شہید صدر