شہید باقرالصدر ؒ: افکار و آثار کے آئینے میں
مفکراسلام،شہید رابع آیت اللہ العظمی سید محمد باقر الصدر (قدس سرہ) کی شخصیت،افکار اور خدمات پر عربی و فارسی زبانوں میں بہت کچھ لکھا جاچکا ہے لیکن اردو زبان میں شہید کی چند کتابوں کے ترجمہ کے علاوہ اب تک کوئی کام نہیں ہوا اس وجہ سے ہمارا معاشرہ شہید کی فکری،علمی اور اجتماعی اور سیاسی جدوجہد سے آگاہ نہیں ہے۔
شہید صدر کی علمی وفکری شخصیت کی جامعیت اور آفاقیت کی دلیل قیمتی،گرانبہاکتابیں ہیں جو تفسیر قرآن، علم اصول وفقہ، فلسفہ،منطق،اسلام کے سیاسی واقتصادی نظام اور سیرت اہل بیت سے متعلق ہیں جن پر مدلل اور واضح انداز میں ابتکاری اور جدید نظریات پیش کیے ہیں۔
شہید کا یہ فکری وعلمی سرمایہ آج بھی ہمارے درمیان موجود ہے اور ان افکار سے الہام لیتے ہوئے ہم اپنے معاشرے میں بیداری،اصلاح اور انحرافی مکاتب سے مقابلے کے لئے قدم اٹھا سکتے ہیں۔آپ کے نظریات اسلام کے عقیدتی،فکری، اجتماعی، ثقافتی، تاریخی اور سیاسی پہلوؤں پر مشتمل ہیں۔
ان سے آشنائی اور مطالعہ ایک عالم،محقق اورداعی دین کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔
ہم شہید کی کتابوں کاسلسلہ وار مختصر تعارف پیش کریں گے تاکہ اہل فکر ونظر ان آثاروکتب سے آشنا اور کی اہمیت و افادیت کی طرف متوجہ ہوسکیں۔۔